افغان وزیر داخلہ کا اسحاق ڈار اور علماء کے بیانات کا خیرمقدم

کابل: افغانستان کے وزیرِ داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے پاکستانی نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی علماء کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کیا ہے۔

افغان ٹیلی ویژن چینل طلوع نیوز کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الدین حقانی نے کہا کہ وہ ایسے تمام بیانات کو سراہتے ہیں جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستانی وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان کے حوالے سے مثبت باتیں کیں اور کسی بھی خیرسگالی اور برادرانہ بیانات کا افغان حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ حال ہی میں پاکستان میں علماء کے اجتماع میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور مفتی تقی عثمانی نے افغانستان کے حق میں بیانات دیے، جس پر اسلامی امارات شکر گزار ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ افغان عوام کسی کے لیے خطرہ یا نقصان دہ ارادے نہیں رکھتے اور اسلامی امارات علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔

سراج الدین حقانی نے دیگر ممالک سے افغانستان کی تعمیر نو میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور افغان شہریوں سے بھی اس عمل میں حکومت کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان افغانستان کے لیے خیرسگالی رکھتا ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے افغان علماء کے حالیہ اجتماع کے بیانات کا بھی خیرمقدم کیا تھا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔