فائل فوٹو
فائل فوٹو

حماس نے القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ کی شہادت کی تصدیق کردی

غزہ: حماس نے اپنے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ اور متعدد دیگر رہنماؤں کی شہادت کی تصدیق کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطین کی اسرائیل کے خلاف سب سے بڑی مزاحمتی تنظیم حماس کے مسلح ونگ القسام بریگیڈز نے تصدیق کی ہے کہ ان کے معروف ترجمان ابو عبیدہ، حماس کے سربراہ محمد سنوار، رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شعبانہ سمیت اعلیٰ کمانڈرز حکم العیسیٰ اور رائد سعد بھی شہید ہوچکے ہیں۔

القسام کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام افراد رواں برس مختلف مقامات پر اور مختلف اوقات میں اسرائیلی فوج کی بمباری یا چھاپہ مار کارروائیوں میں ہونے والی جھڑپوں کے دوران شہید ہوئے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے مئی 2025 میں محمد سنوار اور ستمبر 2025 میں ابو عبیدہ کو قتل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جس کی اب حماس نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

ابو عبیدہ کون تھے؟

حماس نے تصدیق کی ہے کہ ابو عبیدہ کا اصل نام حذیفہ الکحلوت تھا۔ وہ کئی برسوں تک القسام بریگیڈز کے ترجمان کے طور پر سامنے آئے اور غزہ میں حماس کی جانب سے سب سے نمایاں اور بااثر آواز سمجھے جاتے تھے۔

ابو عبیدہ ہمیشہ نقاب میں نظر آتے اور ان کی شناخت طویل عرصے تک خفیہ رہی۔ وہ جنگی صورتحال، میدانِ جنگ کی پیش رفت، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور اسرائیلی قیدیوں و فلسطینی قیدیوں کے تبادلے سے متعلق بیانات جاری کرتے رہے۔

ان کے بیانات کو فلسطینی عوام اور عالمی میڈیا میں غیر معمولی توجہ حاصل ہوتی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔