ایرانی وزارتِ خارجہ نےکینیڈا کی شاہی بحریہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ۔ یہ اقدام 2024 میں کینیڈا کی جانب سے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیے جانے کے رد ِعمل میں سامنے آیا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ قدم اوٹاوا (کینیڈا) کی جانب سے پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے جواب میں اٹھایا گیا ہے، جو کہ بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کے منافی تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران نے باہمی برابری کے اصول کے دائرہ کار کے تحت کینیڈا کی شاہی بحریہ کو دہشت گرد تنظیم نامزد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم ایران نے اس نامزدگی کے ممکنہ اثرات یا نتائج کی وضاحت نہیں کی۔
19 جون 2024 کو کینیڈا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت پاسدارانِ انقلاب کے ارکان کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور کینیڈین شہریوں کے لیے اس تنظیم یا اس کے کسی بھی رکن کے ساتھ لین دین کو ممنوع قرار دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ یہ فیصلہ کینیڈا میں موجود پاسدارانِ انقلاب یا اس کے ارکان کے کسی بھی قسم کے اثاثوں کو ضبط کرنے کی اجازت بھی دیتا ہے۔
کینیڈا پاسدارانِ انقلاب پر یہ الزام عائد کرتا ہے کہ وہ ایران کے اندر اور باہر انسانی حقوق کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے اور وہ بین الاقوامی قانون پر مبنی عالمی نظام کو غیر مستحکم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
اوٹاوا کے اس فیصلے کی ایک بڑی وجہ جنوری 2020 میں تہران سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گرائے جانے والے یوکرینی طیارے کا حادثہ بھی تھا۔ اس حادثے میں عملے اور مسافروں سمیت تمام 176 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جن میں 85 کینیڈین شہری اور وہاں کے مستقل رہائشی شامل تھے۔
پاسدارانِ انقلاب نے اعتراف کیا تھا کہ ان کی افواج نے طیارے کو مار گرایا تھا، لیکن ان کا موقف تھا کہ ان کے آپریٹرز نے غلطی سے اسے ایک دشمن ہدف سمجھ لیا تھا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos