ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے آسٹریلیا کے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان

کرکٹ آسٹریلیا نے فروری 2026 میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلیا کے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کئی اہم اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی واپسی شامل ہے۔

ابتدائی اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، آل راؤنڈر کیمرون گرین اور نوجوان کھلاڑی کوپر کنولی کو دوبارہ شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی حالیہ دورۂ بھارت کے دوران کھیلی جانے والی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیے گئے تھے، تاہم اب ان کی فٹنس اور فارم کو مدنظر رکھتے ہوئے ورلڈ کپ کے ابتدائی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔

چیف سلیکٹر جارج بیلی کے مطابق پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ٹم ڈیوڈ انجری سے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی پُراعتماد ہے کہ یہ تینوں کھلاڑی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز تک مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔

جارج بیلی کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی اسکواڈ کا مقصد کھلاڑیوں کو تیاری کا بھرپور موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کمبی نیشن اور فٹنس کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فروری 2026 میں شیڈول ہے، جس کے لیے آسٹریلوی ٹیم کو مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔