نواب شاہ کے قریب مہران ہائی وے پر شدید دھند کے باعث دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں بہن بھائی سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ مہران ہائی وے پر بوچھیری کے مقام پر پیش آیا، جہاں گہری دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم تھی اور دونوں گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔ حادثے میں تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دو بچے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق افراد کا تعلق نواب شاہ کے نواحی علاقے سے بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں موٹرویز کو احتیاطاً بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حدِ نگاہ کم ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت خطرناک ہو چکی ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک معطل کی گئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان تک، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر تک، ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک بند کر دی گئی ہے۔ اسی طرح ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک ٹریفک کے لیے بند ہے، جبکہ ایم الیون پر بھی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos