روس کے زیر قبضہ علاقے خیرسون پر یوکرینی ڈرون حملے سے بچے سمیت 24 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہو گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور 24 افراد ہلاک ہو گئے،روسی خبر ایجنسی کے مطابق متعدد افراد زندہ جل گئے۔حملے میں ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا۔
روسی گورنرسالدو نے بتایاکہ یہ یوکرینی حملہ گذشتہ شب خورلے گائوں میں اس مقام پر ہوا جہاں عام شہری نئے سال کی خوشیاں منا رہے تھے۔ حملے میں تین ڈرونز استعمال کیے گئے، جنہوں نے بحرِ اسود کے کنارے واقع خورلا گاؤں میں کیفے کو نشانہ بنایا۔
سالدو کے مطابق ایک ڈرون میں آتش گیر مادہ موجود تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ اپنی نوعیت میں اوڈیسا کے ہاؤس آف یونیئنز سانحے کے برابر ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ حملہ تقریباً آدھی رات سے قبل ڈرون کی نگرانی کے بعد کیا گیا۔
گورنرنے مزید کہاکہ حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پانے کا عمل صبح سویرے مکمل ہوا۔ طبی عملہ زخمیوں کی جانیں بچانے کے لیے کام کر رہا ہے، ہنگامی ٹیمیں لاشیں نکالنے اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ اس دوران حکام حملے کے اسباب اور حالات کی تحقیقات بھی کر رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos