فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی: چلتے رکشے میں لڑکی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے جاں بحق

کراچی کے علاقے لانڈھی میں چلتے رکشے میں بیٹھی لڑکی نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔

کراچی:

کورنگی نمبر 6 میں چراغ ہوٹل کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے چلتے رکشے میں بیٹھی 17 سالہ لڑکی کی جان لے لی۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی، جس کی شناخت 17 سالہ کومل کے نام سے کی گئی۔ جاں بحق لڑکی فرسٹ ایئر کی طالبہ تھی۔

اہلخانہ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کورنگی نمبر چھ کی مارکیٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران پیش آیا، مقتولہ اپنی والدہ اور چھوٹے بھائی کے ہمراہ نانی کے گھر سے آرہی تھی۔

اہلخانہ نے بتایا کہ مبینہ پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور بھی باروز پر گولی لگنے سے زخمی ہوا لیکن زخمی رکشہ ڈرائیور کہاں گیا کچھ علم نہیں۔ والد کے مطابق مقتولہ کومل دو بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔

ریسکیو کے مطابق لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ بیٹی بھائی کے ساتھ کزن کے گھر سے واپس آرہی تھی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکی رکشے میں والدہ اور بھائی کے ساتھ گھر جارہی تھی، اچانک گولی رکشے کے شیشے کو توڑتی ہوئی آکر لڑکی کو لگی۔

پولیس کا اس حوالے سے مزید بتانا ہے کہ رکشا ڈرائیور پہلے زخمی لڑکی کو سندھ گورنمنٹ اسپتال اور پھر جناح اسپتال لے گیا۔پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔