صوابی:باچا خان میڈیکل کمپلیکس کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری

صوابی: تدریسی ہسپتال باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی نے سال 2025 میں عوام کو دی جانے والی سہولیات پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔ ہسپتال ترجمان کے مطابق ہسپتال میں مجموعی طور پر 6لاکھ 20ہزار سے زائد افراد کا علاج کیا گیا، جن میں 3لاکھ 84ہزار 655 او پی ڈی اور 2لاکھ 36ہزار 750 ایمرجنسی کے مریض شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال 51ہزار سے زائد مریضوں نےباچاخان میڈیکل کمپلیکس کا رخ کیا۔
رپورٹ کے مطابق، 8ہزار سے زائد چھوٹے اور بڑے آپریشن کیے گئے، 38ہزار 500 سے زائد مریض داخل ہوئے، 71ہزار 600 ایکسرے اور 19ہزار 600 الٹراساونڈ کیے گئے۔ اس کے علاوہ 7لاکھ 83ہزار 700 سے زائد مختلف لیبارٹری ٹیسٹ کیے گئے اور 11ہزار 800 سے زائد بچے پیدا ہوئے۔ ہسپتال میں 11ہزار 800 سے زائد سی ٹی اسکین کیے گئے جبکہ 10ہزار 400 سے زائد مریضوں کو مفت ڈائیلاسز کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔
ہسپتال میں 24 گھنٹے ایمرجنسی کی سہولت جاری رہی۔ بی کے ایم سی میں بچوں کے لیے الگ اور بڑوں کے لیے الگ ایمرجنسی قائم ہیں تاکہ رش زیادہ نہ ہو اور مریضوں کو بروقت علاج کی سہولت میسر ہو۔
صحت کارڈ پلس پروگرام کے تحت ہسپتال میں مریضوں کا علاج پورا سال جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق 30ہزار سے زائد مریضوں کا علاج اور 6ہزار5 سوسے زائد سرجریز صحت کارڈ پلس کے تحت کی گئیں۔ ادارہ جاتی پریکٹس (آئی بی پی) میں 39ہزارسے زائد افراد نے ڈاکٹروں سے رجوع کیا اور 1500 سرجریز کی گئیں۔
ہسپتال میں قائم ایچ آئی وی فیملی کیئر سینٹر میں 250 سے زائد رجسٹرڈ مریضوں کا علاج بدستور جاری رہا، جبکہ انفیکشیس ڈیزیز کی او پی ڈی بھی جاری رہی۔ ایچ آئی وی فیملی کیئر سینٹر میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کا مکمل علاج دیا جا رہا ہے۔
جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں متعدد نئے منصوبے بھی شروع کیے گئے، جنہیں رواں سال عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے۔ نئی اور جدید لیبارٹری کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جہاں تمام اقسام کے ٹیسٹ کئے جائیں گے جبکہ میڈیکل بی ،سی وارڈ اور فزیوتھیراپی او پی ڈی کی رینیویشن جاری ہے اسی طرح اینڈسکوپی اور برانکسکوپی سوٹ بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو پشاور یا اسلام آباد جانے کی ضرورت نہ ہو۔
ہسپتال انتظامیہ کے محکمہ صحت اور چیف سیکرٹری کے ساتھ رابطوں کے نتیجے میں کیتھ لیب کی منظوری آخری مراحل میں ہے جبکہ 4 منزلہ کلینکل ٹاور کے قیام کے لئے کاغذی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 7 نئے آپریشن تھیٹر رواں سال کھول دیے جائیں گے، جس میں ایمرجنسی اور لیبرروم کے اپریشن تھیٹرز شام ہیں۔
مجموعی طور پر سال 2025 باچا خان میڈیکل کمپلیکس کے لیے شاندار رہا، جس میں نہ صرف عوام کو بروقت علاج فراہم کیا گیا بلکہ متعدد نئے شعبے اور منصوبے بھی متعارف کرائے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔