کراچی: ساحلِ سمندر سی ویو پر عالمی معیار کی کراچی میراتھن کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں 25 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 7 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی۔ اس اسپورٹس ایونٹ نے شہر میں صحت مند سرگرمیوں اور مثبت ماحول کو اجاگر کیا۔
میراتھن میں مردوں، خواتین اور بچوں سمیت مختلف عمر کے افراد نے بھرپور حصہ لیا۔ منتظمین کے مطابق ریس کو چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں 42، 21، 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑ شامل تھی۔
پہلے مرحلے میں فل میراتھن اور ہاف میراتھن ریس منعقد کی گئی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 10 اور 5 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کرائی گئی۔ میراتھن کا آغاز نشانِ پاکستان سی ویو سے ہوا اور اختتام بھی اسی مقام پر ہوا۔
شرکاء کی حفاظت اور سہولت کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ طبی امداد اور ریفریشمنٹ کے لیے خصوصی پوائنٹس بھی قائم کیے گئے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ کراچی میراتھن کے انعقاد کا مقصد عوام میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا، جسمانی سرگرمی کی اہمیت اجاگر کرنا اور مثبت سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
شہریوں نے عالمی معیار کے اس ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos