بنگلہ دیش پاکستان سے JF-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے بات چیت کر رہا ہے، اس حوالے سے ایک ممکنہ دفاعی معاہدہ متوقع ہے ۔بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
بنگلہ دیشی فضائیہ کے سربراہ ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد پہنچے، جہاں پاکستان فضائیہ کے سربراہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
دوطرفہ ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بنگلہ دیشی فضائیہ کے لیے جامع تربیتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ فریقین کے درمیان سپر مشاق ٹرینر طیاروں کی تیز رفتار فراہمی اور طویل المدتی تکنیکی معاونت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دورے کے موقع پر بنگلہ دیشی وفد کے ساتھ پرانے فضائی بیڑے کی مینٹیننس، ایئر ڈیفنس ریڈار سسٹمز اور جے ایف-17 تھنڈر طیاروں کی ممکنہ خریداری سمیت مختلف پیشہ ورانہ معاملات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
بنگلہ دیشی وفد نے نیشنل آئی ایس آر، سائبر کمانڈ اور ایرو اسپیس ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی تعلقات کو طویل المدتی اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos