فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان بے بنیاد پروپیگنڈے کے بجائے داخلی مسائل کے حل پر توجہ دے ،ترجمان افغان طالبان

کابل:افغان طالبان  کے ترجمان نے کہاہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان کے افغانستان سے متعلقہ بیانات ذمے دار عسکری منصب کے تقاضوں سے متصادم ہیں۔

افغان طالبان نے پاکستانی فوج کے ترجمان کے حالیہ بیانات کو ’غیر ذمے دارانہ اور اشتعال انگیز‘ قرار دیتے ہوئے مذمت کی ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی فوج کے ترجمان کی جانب سے حالیہ پریس کانفرنس کے دوران افغانستان کے حکومتی اور سماجی ڈھانچے پر کی گئی تنقید حقائق کے منافی ہے اور ایک ذمے دار عسکری منصب کے تقاضوں سے بھی متصادم ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ امارت اسلامیہ افغانستان اس طرح کے بیانات کو مسترد کرتی ہے اور پاکستان کے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ افغانستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈے کے بجائے اپنے داخلی مسائل کے حل پر توجہ دیں۔

ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق افغانستان ایک خودمختار اور مستحکم ملک ہے، جو مضبوط سیکیورٹی ڈھانچے اور مقتدر قیادت کا حامل ہے اور اپنی پوری سرزمین پر مکمل حاکمیت رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت اور دھمکی آمیز زبان افغان عوام کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں۔

امارت اسلامیہ نے پاکستان کے اداروں پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمے دارانہ رویہ اپنائیں اورسنجیدہ بیانات دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔