پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہوکرباپ بیٹے کو قتل جبکہ خاتون اور تین بچوں کو زخمی کردیا۔
صوابی کے گاؤں کھنڈہ میں مسلح نامعلوم شخص نے رات کے وقت گھر میں داخل ہو کر کمراٹ دیر کے رہائش پذیر خاندان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے باپ شادی شدہ بیٹے سمیت جاں بحق جبکہ مقتول بیٹے کی بیوی تین بچوں سمیت شدید زخمی ہو گئی۔
بیوہ عبدالرحمٰن سکنہ تحصیل دیر حال کھنڈہ نے تھانہ لاہور میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ رات اپنے 34 سالہ شوہر عبدالرحمن، ان کے والد 61 سالہ جمعہ فقیر اور اپنے بچوں 11 ماہ کے شیر خوار سدیس، 9 سالہ بیٹے ذیشان اور 4 سالہ بچی سمیرا کے ہمراہ گھر واقع اراہٹ زرخان کھنڈہ منانے ونڈ میں موجود تھی۔
درخواست گزار کے مطابق مسلح نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہو کر کمرے کا دروازہ کھول کر ہم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں اس کا شوہر عبدالرحمٰن اور ان کا والد جمعہ فقیر موقع پر جاں بحق جبکہ وہ اپنے تینوں بچوں سمیت شدید زخمی ہوئی۔
خاتون نے بتایا کہ ہماری کسی کے ساتھ دشمنی یا کوئی تنازع نہیں ، پولیس نے اس اندھے قتل کی ایف آئی آر درج کر کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos