تحریک تحفظ آئین پاکستان کا قافلہ اسلام آباد سے روانہ،پولیس سے ٹکراؤ

اسلام آباد: تحریک تحفظ آئین پاکستان تین روزہ دورے کے لیے اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ قافلہ جی ٹی روڈ کے راستے لاہور پہنچے گا، جہاں مختلف مقامات پر کارکنان اور حامی استقبال کریں گے۔

تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی قیادت میں روانہ ہونے والے قافلے میں سینئر نائب صدر علامہ راجہ ناصر عباس، نائب صدر مصطفیٰ نواز کھوکھر، سیکرٹری جنرل اسد قیصر، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی معین ریاض قریشی سمیت دیگر ارکان بھی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق قافلے میں تقریباً 70 گاڑیاں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق جہلم میں کارکنوں کی جانب سے قافلے کا پہلا بڑا استقبال کیا جائے گا، جبکہ مختلف شہروں سے ہوتا ہوا قافلہ لاہور پہنچے گا۔ لاہور میں تحریک کی قیادت سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گی اور زمان پارک میں بھی اجلاس کا شیڈول رکھا گیا ہے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تحریک کا مقصد کسی کے خلاف کارروائی کرنا نہیں بلکہ آئین کی بالادستی اور ظلم کے خاتمے کے لیے عوامی رابطہ مہم چلانا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جو بھی پاکستان میں آئین کی حکمرانی اور امن چاہتا ہے وہ تحریک کا ساتھ دے۔

فوکل پرسن پنجاب بریگیڈیئر (ر) مشتاق کا کہنا ہے کہ تحریک کی بڑھتی سرگرمیوں کے باعث صوبائی حکومت متحرک ہے اور مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جن میں گوجر خان میں قافلے کے استقبال کے لیے آنے والے کارکنان پر پولیس کا کریک ڈاؤن شامل ہے۔

تحریک کے مطابق یہ دورہ پنجاب میں عوامی رابطہ مہم کا اہم حصہ ہے، جس کے دوران آئین کی بالادستی اور جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔