واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ 66 بین الاقوامی اداروں اور اقوام متحدہ کے متعدد اداروں سے علیحدگی اختیار کرے گا۔ ان میں اہم موسمیاتی معاہدے، اقوام متحدہ کے خواتین کے حقوق کا ادارہ (UN Women) اور اقوام متحدہ کا پاپولیشن فنڈ (UNFPA) شامل ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ادارے امریکی قومی مفادات کے خلاف کام کر رہے ہیں، اس لیے ان سے علیحدگی اور فنڈنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے جاری ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق امریکہ 35 غیر اقوام متحدہ تنظیموں اور 31 اقوام متحدہ کے اداروں سے نکلنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ماحولیاتی تنظیم نیچرل ریسورسز ڈیفنس کونسل کے مطابق، اگر امریکہ اس معاہدے سے الگ ہوتا ہے تو وہ فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج سے نکلنے والا پہلا ملک ہوگا، جو عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ امریکہ اقوام متحدہ کے خواتین کے حقوق اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق اداروں سے بھی علیحدگی اختیار کرے گا۔ اس فیصلے کا مطلب ہے کہ امریکہ ان اداروں میں شرکت اور مالی تعاون بند کر دے گا۔
صدر ٹرمپ نے پہلے بھی اقوام متحدہ کے متعدد اداروں کے لیے فنڈنگ میں کمی کی ہے اور عالمی اداروں کی افادیت اور جوابدہی پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق، اس اقدام کا مقصد تمام بین الاقوامی اداروں اور معاہدوں کا جائزہ لینا اور امریکی مفادات کے مطابق شمولیت اور فنڈنگ کا تعین کرنا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos