ایران نے فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں

ایران نے سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اپنی فضائی حدود عارضی طور پر ہر قسم کی پروازوں کے لیے بند کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق صرف مخصوص اجازت کے ساتھ بین الاقوامی پروازوں کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ ابتدائی طور پر چند گھنٹوں کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری کی مدت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے، جو پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔

ادھر ایران کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کے باعث امریکا کے بعد اسپین، پولینڈ اور اٹلی نے بھی اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ دوسری جانب ایک امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران اور اسرائیل نے خفیہ رابطوں کے ذریعے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں فریق ایک دوسرے کے خلاف کسی بھی حملے میں پہل نہیں کریں گے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان رابطوں میں روس نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

مزید یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں قطر اور عمان نے ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کی مخالفت کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو امریکا طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید میزائلوں سے لیس بمبار طیارے استعمال کر سکتا ہے، جس سے خطے کی صورتحال مزید پیچیدہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔