فائل فوٹو
فائل فوٹو

پشاور کے خطرناک ’’ڈائناسور‘‘ اور ’’گوبھی‘‘ مارے گئے

محمد قاسم :
پشاور میں خطرناک رہزن ’’ڈائنا سور‘‘ اور ’’گوبھی‘‘ مارے گئے۔ ہلاک ہونے والے رہزنوں نے 10 روز قبل نوجوان سے موبائل فون چھین کر مزاحمت پر اسے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ پولیس نے دونوں رہزنوں کو گرفتار کیا۔ لیکن موقع واردات پر لے جاتے وقت نامعلوم افراد کی فائرنگ کی زد میں آگئے۔ اس ضمن میں ایس پی کینٹ عبداللہ احسان نے بتایا کہ دو جنوری کو مرتضیٰ سکنہ شہید آباد نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کا بیٹا 19 سالہ شاہ زیب نئے موبائل فون کیلئے کور لینے کے بعد گھر جارہا تھا کہ اس دوران کچھ فاصلے پر مسلح رہزنوں نے اسے یرغمال بنایا اور مزاحمت پر فون چھین کر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔

ایس ایس پی آپریشنز کی ہدایت پر قائم خصوصی ٹیم نے تفتیش کا آغا ز کیا تو انکشاف ہوا کہ اس رہزنی میں بدنام زمانہ آئس کا نشہ کرنے والے شاہ زیب عرف ڈائنا سور ولد موسیٰ سکنہ افغانستان اور سعید اللہ عرف گوبھی ملوث ہیں۔ جنہیں فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیاگیا۔ ترجمان کے مطابق رات گئے گرفتار ملزموں کو موقع نشاندہی کیلئے لے جایا رہا تھا کہ اس دوران پولیس پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں زیرحراست دونوں ملزمان مارے گئے۔ پشتہ خرہ میں رہزنی واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی تیار کرلی گئی ہے۔ ایس پی کینٹ عبد اللہ احسان نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر سی سی ٹی وی کیمرے نہ ہونے پر واقعہ کا سراغ لگانے میں ہیومن انٹیلی جنس نے اہم کردار ادا کیا۔ مجموعی طور پر 25 افراد کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی گئی جن میں 2 ملزموں نے اعتراف جرم کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان چونکہ اسی علاقے کے تھے۔ جو ایک گھنٹے کے بعد واپس موقع پر آئے اور مقتول کے جنازے میں بھی شریک ہوئے۔ مقتول شاہ زیب نے 75 ہزار روپے کا نیا موبائل فون خریدا تھا۔ تاہم رہزنوں نے یہی موبائل فون چھین کر آئس نشے کی خاطر محض 10 ہزار روپے میں فروخت کر دیا۔ پولیس کے مطابق موبائل خریدنے والے کی بھی شناخت ہو چکی ہے۔ تاہم وہ روپوش ہے۔ لیکن گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ بہت جلد وہ بھی قانون کی گرفت میں ہو گا۔ واضح رہے کہ مقتول شاہ زیب کی دو ماہ قبل منگنی ہوئی تھی اور شادی کی تیاریاں جاری تھیں۔

ورثا کے مطابق شاہ زیب بیرون ملک جانے کا بھی خواہشمند تھا۔ تاہم وہ اس کی شادی کرنا چاہتے تھے تاکہ اپنے بیٹے کے سر پر سہرا دیکھ سکیں۔ لیکن بیٹے کے سرپر سہرا سجانے کا خواب پورا نہ ہو سکا۔ دوسری جانب تھانہ ٹائون کے علاقے دانش آباد میں پولیس اور رہزنوں کے مابین مبینہ فائرنگ تبادلے میں ایک رہزن مارا گیا، جبکہ 2 موقع سے فرار ہو گئے۔

ایس ایچ او ٹائون عزیزاللہ خان کے مطابق گزشتہ روز اطلاع ملی کہ دانش آباد میں مسلح افراد واردات کی غرض سے موجود ہیں۔ جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی۔ جبکہ جوابی فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔ اس نے اپنا نام وزیر زادہ اور فرار ساتھیوں کی شناخت عمران عرف عمرانو اور وحید کے نام سے کرائی۔ تاہم گرفتار زخمی ملزم اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔

واضح رہے کہ پشاور میں پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف متحرک ہو گئی ہے اور رہزنی سمیت بدامنی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ خاص کر جو گینگ دہشت کی علامت سمجھے جارہے ہیں، ان کے خلاف پولیس نے موثر کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔ جس کے نتائج بھی برآمد ہورہے ہیں اور عوام کی جانب سے بھی ان اقدامات کو سراہا جارہا ہے۔ اسی طرح منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ خاص کر پشاور میں آئس نشہ کی لت میں مبتلا افراد کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔