یورپی رہنماؤں نے گرین لینڈ کے معاملے میں ٹیرف لگانے کی امریکی دھمکی کو مستر دکردیاہے۔امریکی کانگریس میں بھی سخت ردعمل دیاگیاہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اس امرکوناقابل قبول قرار دیا اور کہا کہ اگرایسا ہوا تو یورپ مربوط انداز میں جواب دے گا۔برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے ایک بیان میں کہاکہ نیٹو اتحادیوی اجتماعی تحفظ کے لیے کوشاں ہیں،ان پر محصولات کا اطلاق سراسر غلط ہے۔ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور نے کہا کہ اتحادیوں میں دھمکیوں کی کوئی جگہ نہیں، فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر سٹب نے کہا کہ شراکت داروں کے درمیان مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاتا ہے، دباؤ سے نہیں۔ٹیرف ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کے لیے نقصان دہ ہوں گے اورمنفی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کا کہناہے کہ وہ یورپی یونین کے رکن ممالک سے مشترکہ ردعمل پررابطے کر رہے ہیں۔یورپی یونین اور جنوبی امریکہ کے مرکوسربلاک کے تحت پیرائے گوئے میں آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد بات کرتے ہوئے، کوسٹا نے ٹیرف میں اضافے کے بجائے اقتصادی انضمام کے مزید زونز کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خوشحالی چاہتے ہیں تو ہمیں بازاروں کو کھولنا چاہیے، انہیں بند نہیں کرنا چاہیے۔
مزید پڑھیں:ٹرمپ نے ڈینش جزیرہ لینے کے مخالف ملکوں پر’گرین لینڈ ٹیکس‘لگانے کاشوشہ چھوڑدیا
یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے کہا کہ ایسے معاملات تعلقات کو نقصان پہنچاتے اور ایک خطرناک گراوٹ کا خطرہ رکھتے ہیں۔یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار کاجا کالس نے خبردار کہ روس اور چین مغربی اتحادیوں کے درمیان تقسیم سے فائدہ اٹھا نے کو تیار کھڑے ہیں۔ ٹیرف امریکہ اور یورپی یونین دونوں کی خوشحالی کو خطرے میں ڈالے گا ۔
یورپی یونین نے گرین لینڈ کے خلاف ٹرمپ کی دھمکیوں پر بات کرنے کے لیے 27 ممالک کے سفیروں کا ایک ہنگامی اجلاس بلایا ہے، ،جواتوار کی سہ پہر برسلز میں ہوگا۔
امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکی عوام کے مفادات پر اپنی غیر ملکی مہم جوئی کو ترجیح دیتے ہیں۔
ادھر،ڈنمارک میں، گرین لینڈکے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کوپن ہیگن، آرہس، آلبرگ اور اوڈینس کے شہروں میں ہزاروں لوگ نکل آئے۔اس کے بعدگرین لینڈ کے دارالحکومت نووک میں بھی احتجاج ہوا۔ 56 ہزار نفوس کی آبادی کا ایک واضح حصہ مظاہرے میں شامل تھا۔ لوگوں نے امریکہ کے خلاف بینرز لہرائے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos