سپین کے جنوبی صوبے اندلس میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہو گئے۔ حادثہ اتوار کی شام قرطبہ کے قریب قصبے آدموز کے علاقے میں پیش آیا، جس کے بعد ملک بھر میں غم اور افسوس کی فضا قائم ہو گئی۔
حکام کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مالاگا سے میڈرڈ جانے والی ایک تیز رفتار ٹرین اچانک پٹری سے اتر گئی اور مخالف سمت سے آنے والی دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی۔
تصادم اس قدر شدید تھا کہ دونوں ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں، کئی بوگیاں الٹ کر قریبی ڈھلوان میں جا گریں۔ پولیس نے ابتدا میں چند ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی، تاہم بعد ازاں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی۔
اندلس کی ایمرجنسی سروسز کے مطابق حادثے میں کم از کم 73 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 30 کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی کارروائیاں رات گئے تک جاری رہیں، کیونکہ کئی مسافر تباہ شدہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے تھے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شدید نقصان کے باعث ملبہ ہٹانا اور زخمیوں کو نکالنا انتہائی مشکل تھا۔ عینی شاہدین نے حادثے کے مناظر کو دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ ایک خاتون مسافر کے مطابق زور دار جھٹکے کے بعد ٹرین اچانک رک گئی، اندھیرا چھا گیا اور سامان مسافروں پر گرنے لگا۔
بچوں کے رونے اور زخمیوں کی چیخ و پکار نے ماحول کو مزید خوفناک بنا دیا۔ ایک اور مسافر نے بتایا کہ یہ منظر کسی ہارر فلم سے کم نہیں تھا۔
سپین کے وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے لیے ایک انتہائی دردناک لمحہ ہے اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ شاہِ اسپین فلپ ششم اور ملکہ لیٹیزیا نے بھی قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔
فرانس کے صدر اور یورپی یونین کے اعلیٰ حکام سمیت متعدد عالمی رہنماؤں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ حادثے کے بعد میڈرڈ اور اندلس کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹریک حال ہی میں جدید بنایا گیا تھا، تاہم حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos