سپریم لیڈر کو نشانہ بنانا ایران کے خلاف جنگ تصور ہوگا:صدرمسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای پر کوئی حملہ کیا گیا تو اسے ایرانی قوم کے خلاف کھلا اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کے عظیم رہنما کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا مطلب پوری ایرانی قوم سے دشمنی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو درپیش معاشی مشکلات اور زندگی کی سختیوں کی بنیادی وجہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے عائد کی گئی سخت اور غیر انسانی پابندیاں ہیں۔

ایرانی صدر کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے جو انہوں نے امریکی جریدے پولیٹیکو کو دیا تھا۔ انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو رہائش کے لیے دنیا کا بدترین ملک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب ایران میں نئی قیادت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران ہونے والے جانی نقصانات اور تباہی کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔