ایران،مظاہرین کو 3 دن میں سرنڈر کرنے کا الٹی میٹم

ایران میں حکومت مخالف احتجاج کے خلاف سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ قومی پولیس کے سربراہ احمد رضا رادان نے احتجاج میں شامل افراد کو تین دن کے اندر خود کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے، بصورت دیگر سخت کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ایسے نوجوان جو غلط فہمی یا بہکاوے میں آ کر احتجاج میں شریک ہوئے، انہیں ریاست کا دشمن نہیں سمجھا جائے گا بلکہ گمراہ افراد تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے افراد مقررہ وقت کے اندر خود کو پیش کر دیتے ہیں تو ان کے ساتھ نرمی برتی جا سکتی ہے۔

تاہم احمد رضا رادان نے خبردار کیا کہ دی گئی مہلت کے بعد قانون پوری سختی کے ساتھ نافذ کیا جائے گا اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔

یاد رہے کہ دسمبر کے آخر میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی دباؤ کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک میں پھیل گئے تھے۔ مبصرین کے مطابق یہ احتجاجی لہر حالیہ برسوں میں ایرانی قیادت کے لیے ایک بڑا چیلنج بن کر سامنے آئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔