دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ شیڈول کے مطابق ہو گا، بنگلادیش کے میچز بھارت میں ہی کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی اعلامیہ میں کہا گیا کہ بورڈ میٹنگ میں فیصلہ سیکیورٹی کے جائزے کے بعد کیا گیا، جائزے کے مطابق بنگلادیش کے کھلاڑیوں، میڈیا پرسنز، آفیشلز اور فینز کو بھارت کے کسی وینیو پر خطرہ نہیں۔
بورڈ ممبرز کے مطابق یہ قابل عمل نہیں ہے کہ ٹورنامنٹ کے قریب شیڈول تبدیل کیا جائے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے بھارت میں انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور فاسٹ بولر مستفیض الرحمن کو آئی پی ایل سے نکالنے کے بعد اپنی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کے میچز کسی دوسرے ملک منتقل کیے جائیں۔
بنگلادیش کی جگہ نئی ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارت نہ جانے کی صورت میں بنگلادیش کی جگہ ایک اور ٹیم کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ٹی20 ورلڈ کپ کےلیے بھارت نے جانے کے معاملے پر آئی سی سی نے فیصلہ کرلیا۔
ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے بورڈ ممبرز میٹنگ میں ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کے معاملے پر فیصلہ کرلیا ہے۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی نے واضح کیا کہ حکومت کو بتادیں اگر ٹیم بھارت نہیں بھیجیں گے تو بنگلادیش کی جگہ نئی ٹیم شامل کی جائے گی۔
ویب سائٹ کے مطابق آج بنگلادیش کے معاملے پر آئی سی سی بورڈ ممبرز کا اجلاس ہوا، ورلڈ کپ میں نئی ٹیم کی شمولیت کا فیصلہ آئی سی سی بورڈ ممبرز کی میٹنگ میں ووٹنگ پر ہوا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق ووٹنگ میں اکثریتی ارکان نے متبادل ٹیم کو شامل کرنے کا کہا، آئی سی سی نے بھارت میں کھیلنے سے متعلق سوچنے کے لیے بی سی بی کو مزید ایک روز کا وقت دے دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos