تیراہ میں برفباری میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے ریسکیو آپریشن جاری

خیبر پختونخواہ کے وادی تیراہ میں شدید برفباری کے باعث پھنسے افراد کو ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی نگرانی میں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر وادی تیراہ کے مختلف علاقوں سے بچوں، خواتین اور مردوں کو پائندہ چینہ سنٹر منتقل کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائش اور کھانے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی مدد حاصل کی جا رہی ہے، اور ریسکیو سرگرمیوں، روٹ کلیئرنس اور ریلیف آپریشن میں پاک فوج اور فرنٹیئر کور کی مشینری بھی حصہ لے رہی ہے۔ ہنگامی بنیادوں پر ضلع خیبر اور پشاور سے مزید ریسکیو عملہ اور مشینری وادی تیراہ بھیجی گئی ہے تاکہ تمام متاثرہ افراد کو جلد از جلد محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی نگرانی میں پہلے بچوں اور خواتین کو منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ بعد ازاں مردوں کی منتقلی بھی کی جائے گی۔ ریلیف اور ریسکیو سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں تاکہ تمام خاندانوں کو محفوظ اور مناسب سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

وادی تیراہ میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان اور رکن صوبائی اسمبلی عبد الغنی آفریدی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر یہ ذمہ داران وادی تیراہ روانہ ہوئے ہیں، جبکہ شفیع جان پشاور سے ہی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ افسران سے رابطے میں ہیں۔ شفیع جان کا کہنا ہے کہ یہ ایک مشکل گھڑی ہے، لیکن صوبائی حکومت متاثرہ افراد کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور تمام متاثرہ افراد کو عارضی کیمپوں میں منتقل کیا جائے گا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔