مری میں 24 گھنٹوں کے دوران 12 انچ برفباری۔ غیر مقامی افراد کا داخلہ بند

 

مری میں 24 گھنٹوں کے دوران 12 انچ برفباری ریکارڈ  ہوئی ہے۔شہرمیں غیر مقامی افراد کا داخلہ بند کردیاگیا۔

ڈپٹی کمشنرمری کے مطابق ،نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر (NWFC) کے مطابق، مری اور گلیات میں مزید وقفے وقفے سے بارش اور برفباری متوقع ہے، جو رات تک جاری رہ سکتی ہے۔ اس دوران سڑکیں پھسلن زدہ ہو سکتی ہیں، لہٰذا سیاحوں اور مسافروں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی ہدایت پر ریسکیو 1122 مری برفباری کے دوران سیاحوں اور شہریوں کی مدد کے لیے پیش پیش ہے۔ امدادی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ ایمرجنسی ٹیمیں اور اسپیشل ریسکیو اسکواڈ ہمراہ ایمرجنسی وسائل فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہیں۔
ڈی سی مری کے مطابق  گزشتہ رات سے تمام اہلکار 24/7 شہری علاقوں اور اہم شاہراہوں پر تعینات ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
ریسکیو 1122 مری عوام سے اپیل کرتا ہے کہ، برفباری کے دوران مکمل احتیاط برتیں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر کال کریں

رات بھر سنوفال کی وجہ سے مری جانے والے داخلی راستے بند ہیں۔ مری جانے والے دونوں راستوں پر ڈائیورشنز لگائی گئی ہیں اور ٹریفک واپس موڑا جارہا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد حمزہ ہمایوں نے کہا ہے کہ مری انتظامیہ سنوفال سے بند راستوں کو کھولنے کی کوشش کررہی ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس طرف سفر نہ کریں۔ٹریفک افسران کے ساتھ تعاون کریں۔ راستوں کے کھلنے کے متعلق سیاحوں کو آگاہ کردیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔