اچھرہ جیولرز مارکیٹ سے 20 کلو سونا لے کر فرار ملزم اسلام آباد سے گرفتار

 

لاہور کی معروف اچھرہ لطیف جیولرز مارکیٹ میں دسمبر 2025 میں اربوں روپے کے سونے کے فراڈ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم شیخ وسیم اختر کو اسلام آباد سے گرفتار کر لیا جو متعدد ساتھی جیولرز کا تقریباً 20 کلو سونا امانت میں لے کر مہینوں سے روپوش تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ حتمی مقدار اور مالیت کا تعین تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گا۔

ملزم پر الزام ہے کہ اس نے جیولرز کا اعتماد حاصل کر کے سونا ہتھیا لیا اور فرار ہو گیا، جس کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد بنتی ہے۔واقعے پر فیروز پور روڈ پر واقع اس مارکیٹ کے کئی دکانداروں نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

اسی دوران سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو ہاتھ میں شاپر اٹھائے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہی وہ تاجر ہے جو مبینہ طور پر 20 کلو سونا، جس کی مالیت تقریباً ایک ارب روپے بتائی جا رہی ہے، لے کر غائب ہوا۔

لطیف سینٹر لاہور میں سونے کی خرید و فروخت کا ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے، جہاں درجنوں جیولری کی دکانیں قائم ہیں۔

گرفتاری لاہور پولیس کی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا نتیجہ ہے۔ ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے جہاں سونے کی برآمدگی اور دیگر ممکنہ ساتھیوں کی نشاندہی متوقع ہے۔ کیس میں اب تک متعدد مقدمات درج ہو چکے جن میں امانت میں خیانت اور فراڈ کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا مارکیٹ میں اثر و رسوخ تھا اور وہ جیولرز ایسوسی ایشن کا سابق صدر بھی رہ چکا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔