جرمنی اور اٹلی کے بعد اسپین نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت سے صاف انکار کر دیا ہے۔ اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ اور فلسطین کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینی عوام کو خود کرنا چاہیے۔
اسرائیلی اخبار ہاآریتز کے مطابق جرمنی، اٹلی اور اسپین ان ممالک میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول نہیں کی۔ تاہم جرمنی اور اٹلی نے مشروط آمادگی ظاہر کی ہے جبکہ اسپین نے براہ راست اس اقدام کو مسترد کر دیا۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے کہا کہ وہ غزہ میں امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، لیکن بورڈ آف پیس کی موجودہ ساخت جرمن آئینی تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس منصوبے کی تشکیل نو کی جائے تو امریکہ کے ساتھ تعاون کے دیگر راستے تلاش کیے جا سکتے ہیں، نہ صرف غزہ بلکہ دیگر عالمی تنازعات کے حوالے سے بھی۔
اسی پریس کانفرنس میں اطالوی وزیر اعظم جورجیا میلونی نے بھی آئینی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی موجودہ شکل میں بورڈ آف پیس میں شامل نہیں ہو سکتا۔ ان کے مطابق بورڈ کی کنفیگریشن اطالوی آئین سے متصادم ہے، تاہم اگر شرائط میں تبدیلی کی گئی تو اٹلی اس میں شامل ہونے پر غور کر سکتا ہے۔ میلونی نے واشنگٹن سے بورڈ کے ڈھانچے پر نظرثانی کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب اسپین نے جرمنی اور اٹلی سے مختلف مؤقف اپناتے ہوئے اس منصوبے کو مکمل طور پر رد کر دیا۔ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اسپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ اسپین اس دعوت کو سراہتا ضرور ہے، لیکن اسے قبول نہیں کرتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپین عالمی تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ اور کثیرالجہتی نظام پر یقین رکھتا ہے۔
سانچیز نے مزید کہا کہ بورڈ آف پیس میں فلسطینی اتھارٹی کی شمولیت نہیں، جو ایک بنیادی خامی ہے۔ ان کے مطابق غزہ اور مغربی کنارے کے مستقبل کا فیصلہ فلسطینیوں کو خود کرنا چاہیے، کسی بیرونی فورم کے ذریعے نہیں۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے اعلان کردہ غزہ بورڈ آف پیس میں پاکستان، قطر، سعودی عرب، ترکیے، انڈونیشیا، بحرین، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک شامل ہو چکے ہیں، جبکہ فرانس پہلے ہی اس بورڈ سے لاتعلقی کا اعلان کر چکا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos