ملک بھر میں بارش اور برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہونے کا امکان

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران متعدد علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ایران کے راستے داخل ہونے والا ایک نیا مغربی موسمی نظام بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا آغاز ہو گیا ہے۔ چمن اور اس کے گرد و نواح میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

وادی کوئٹہ اور قریبی علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی، جبکہ زیارت اور قلات میں بھی برف پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ سرد موسم کے باعث ان علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل تک بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان موجود ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں لاہور اور ملتان بھی شامل ہیں، وہاں وقفے وقفے سے بارش ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔