وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن جناب اورنگ زیب خان کھچی نے وفاقی سیکریٹری اسد رحمان گیلانی، جوائنٹ سیکریٹری غلام مجتبیٰ جویو، ڈپٹی سیکریٹری و ڈائریکٹر جنرل ڈپارٹمنٹ آف آرکیولوجی اینڈ میوزیم امان اللہ کے ہمراہ اردو لغت بورڈ کراچی کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید، ڈپٹی ڈائریکٹر محبوب خان بگٹی، ڈی ڈی او کامران مشتاق اور انچارج فیلڈ دفتر اردو لغت بورڈ محمد طارق بن آزاد کے ہمراہ وفاقی وزیر محترم اور مہمانان گرامی کا استقبال کیا اور گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر اجلاس میں وفاقی وزیر اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے عمائد کو اردو لغت بورڈ، کراچی کی حالیہ کارکردگی سے آگاہ کیا گیا جس میں بالخصوص اردو لغت”تاریخی اصول پر”کی دو جلدوں کی نستعلیق اشاعت اور اس کی پذیرائی کے لیے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متحدہ امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے اور جدہ میں پاکستانی قونصل خانے کے تعاون سے منعقدہ تقاریب کی تفصیل اور میڈیا کوریج سے آگاہ کیا گیا۔ لغت کی نستعلیق اشاعت اور بین الاقوامی سطح پر پذیرائی کے اہتمام میں ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی اور برکاتی فاونڈیشن کے بے لوث تعاون سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا جس پر وفاقی وزیرنے رفیق پردیسی کے اس تعاون کو عظیم قومی خدمت قرار دیا اور جلد ان سے روبرو ملاقات کر کے شکریہ ادا کرنے کا کہا۔
وفاقی سیکریٹری اسد رحمان گیلانی نے احکامات دیئے کہ زبان کے صحیح تلفظ سے عوام الناس کو متعارف کروانے کے لیے پوڈ کاسٹ کا سلسلہ شروع کیا جائے جس میں ملک بھر سے اردو کے نامور ادیبوں سے گفتگو کی جائے۔اجلاس میں ادارے کی جانب سے حال ہی میں شائع کی جانے والی”فرہنگ انیس”اور ”فرہنگ دبیر”کے نسخے بھی مہمانان گرامی کی خدمت میں پیش کیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے بتایا کہ ادارے نے اردو لغت کی اسکین جلدوں کی یو ایس بی پر مشتمل سووینیئر تیار کیا ہے جسے اس موقع پر ان کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔انچارج فیلڈ دفتر طارق بن آزاد نے پریزنٹیشن کے دوران ادارے کی ویب سائٹ سے استفادہ کرنے والوں کی تفصیل پیش کی اور حاضرین کو آگاہ کیا کہ روزانہ کم و بیش ایک ہزار افراد اردو لغت بورڈ کی ویب سائٹ سے استفادہ کرتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی محبوب خان بگٹی نے اس حوالے سے ڈیٹا فراہم کیا اور مزید بتایا کیا کہ پاکستان سے باہر برطانیہ، امریکا، جرمنی، کینیڈا اور متحدہ عرب امارات میں بھی اردو لغت سے استفادہ کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔
اجلاس کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر راشد حمید نے مجموعی طور پر ادارہ فروغ قومی زبان کی گراں قدر خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے اور اردو کے تین اہم اداروں اردو لغت بورڈ، کراچی، اردو سائنس بورڈ، لاہور اور ادارہ فروغ قومی زبان، اسلام آباد کی فعالیت سے آگاہ کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos