تصویر: پی آئی ڈی

قیمتی پتھروں کی عالمی معیار پرتراش خراش کے لیے3مراکزتعمیرکرنے کا منصوبہ شروع

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی استعداد کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ ان قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے ۔وہ اسلام آباد میں قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

 

شہباز شریف نے جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کرنے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل متعلقہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے، اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگلے سال اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

شہباز شریف نے مزیدکہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے۔وزیراعظم نے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو جیم اسٹون انڈسٹری کی ترویج کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے چار سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ جیم اسٹون سینٹر کے قیام کے حوالے سے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کیا جا چکا ہے۔

 

اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن ،انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دفاتر بھی موجود ہوں گے۔اسی طرح جیم اسٹون کے حوالے سے جیو فینسنگ سائینٹفک روڈ میپ پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔