کالا خطائی: فیڈر کی مرمت کے دوران 11KV کی تاریں چوری کرنے والے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمان تاریں کاٹنے کے دوران زوردار دھماکے کے بعد علاقے کی بجلی بند کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر لیسکو عملہ بروقت ایکشن میں آیا۔ ایس ڈی او کالا خطائی محمد تنویر اور لائن اسٹاف نے پانچوں ملزمان کو موقع پر پکڑ لیا، جبکہ چار مفرور ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔
ملزمان کو 11KV کی لائنیں کاٹ کر رول کرتے ہوئے پکڑا گیا، اور کارروائی کے دوران انہوں نے لیسکو ٹیم کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ملزمان کی شناخت شرافت علی، ندیم، شہزاد، عباس علی اور ہاشم علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ای نارتھ محمد مزمل کی ہدایت پر تمام فیلڈ اسٹاف ہائی الرٹ رہیں گے۔
محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری قومی جرم ہے اور معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ سی ای او لیسکو نے بروقت کارروائی پر فیلڈ اسٹاف کو شاباش دی اور مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
سی ای او لیسکو نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والے افراد کی اطلاع **لیسکو ہیلپ لائن 118** پر دیں، کیونکہ بجلی چوری کے خلاف کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos