فوٹو آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر

شدید برفانی موسم میں پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن

راولپنڈی: بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برفانی موسم کے پیش نظر پاک فوج امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے ہوسری، زیارت، بولان، ژوب، قلعہ سیف اللہ ، خوجک ٹاپ، لک پاسس، دکی، کولپور اور مسلم باغ میں شدید برفانی موسم کے پیش نظر کنٹرول سنٹر قائم کردیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوان اور ریسکیو ٹیمیں برفباری میں پھنسے افراد کو ریسکیو کر رہے ہیں ، ریسکیو کیے گئے مقامی افراد اور سیاحوں کو خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات پاک فوج فراہم کر رہی ہے۔

آئی ایس پی آر  کا کہنا ہے کہ پاک فوج شدید موسمی حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

دوسری جانب ضلع کرم میں شدید بارشوں اور غیر معمولی برف باری کے باعث سیکیورٹی فورسز کی امدادی اور ریسکیو کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں

شدید برفانی موسم کے باعث پاک فوج نے مقامی آبادی کی مدد اور زمینی رابطوں کی بحالی کے لیے فوری طور پر ہنگامی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا،بھاری مشینری اور افرادی قوت کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے تمام متاثرہ سڑکوں کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق اہم زمینی رابطوں کی بحالی سے علاقے میں اشیائے ضروریات کی فراہمی ممکن ہوئی،بروقت امدادی سرگرمیوں سے مقامی افراد کو منڈیوں اور مراکزِ صحت تک دوبارہ رسائی بھی حاصل ہو ئی۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق  پاک فوج کے جوانوں نے شاہراہوں سے برف ہٹا کر تمام پھنسے ہوئے مسافروں کو گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا،پاک فوج کے پیشہ ورانہ اقدامات کے نتیجے میں اہم زمینی راستے بحال ہوئے، جس سے عوام کو شدید مشکلات سے نجات ملی۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق شدید خراب موسم اور دشوار گزار حالات کے باوجود پاک فوج کے افسران اور جوان ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

آئی ایس پی آر  نے بتایاکہ وادی تیراہ میں شدید برفباری میں پاک فوج کے جوان جان کی پرواہ کئے بغیر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ،سخت موسمی حالات میں بروقت امدادی کارروائیوں پر مقامی شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو بھرپور سراہا۔

آئی ایس پی آر  کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ اور فوری امداد کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔