کینبرا: آسٹریلیا اس وقت شدید اور طویل گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔ منگل کے روز بعض علاقوں میں درجہ حرارت تقریباً 50 ڈگری سینٹی گریڈ یا 122 فارن ہائیٹ تک ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہوئے۔
اے بی سی نیوز کے مطابق ریاست وکٹوریہ کے دیہی قصبوں ہوپ ٹاؤن اور والپیُوپ میں ابتدائی طور پر 48.9 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جو اگر تصدیق ہو گیا تو 2009 کے اس ریکارڈ کو توڑ دے گا جب اسی دن ریاست میں تباہ کن جنگلاتی آگ کے نتیجے میں 173 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ منگل کی اس گرمی کی لہر کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم وکٹوریہ کی انتظامیہ نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ ریاست میں تین جگہ جنگلاتی آگ بے قابو ہو چکی ہیں۔
ریاست کا سب سے بڑا شہر میلبورن بھی اپنی تاریخ کے گرم ترین دنوں میں سے ایک کے قریب پہنچ گیا۔ شدید گرمی کا سب سے واضح منظر میلبورن پارک میں دیکھا گیا، جہاں آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے باہر موجود ہجوم تقریباً غائب ہو گیا اور جگہ سنسان منظر پیش کرنے لگی، کیونکہ درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ چکا تھا۔
ٹورنامنٹ کے اندر منتظمین نے شدید گرمی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات نافذ کر دیے۔ مرکزی سٹیڈیمز کی کھلنے اور بند ہونے والی چھتیں بند کر دی گئیں جبکہ بغیر چھت والے بیرونی کورٹس پر میچز ملتوی کر دیے گئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos