پنجاب میں نوجوانوں کو ہنرمند بنانے،فراہمی روزگار کے 4 پروگراموں کا آغاز

 

پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنرمندبنانے اورفراہمی روزگار کے 4پروگراموں کا آغاز کیا ہے۔ان میں پروازکارڈ، کری ایٹوہینڈ راہِ روزگاراورسکل ڈویلپمنٹ پورٹل شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازنے افتتاح کیا۔اس موقع پرانہو ںنے ہنر مند نوجوانوں کوپرواز کارڈ کے ذریعے تین لاکھ روپے تک بلاسودقرضے دینے کا اعلان کیا ہے۔وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پہلی مرتبہ ڈھائی لاکھ نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل ہوچکی ہے اور ایک لاکھ 14ہزار سے زائد نوجوان برسرِروزگار ہیں۔ 97ہزارنوجوانوں کو پاکستان اور 33ہزارنوجوانوں کو بیرون ملک روزگار ملا۔

 

مریم نواز شریف سے وزیراعلی آفس میں مختلف شعبوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ مکمل کرنے والے 90طلبہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امام مسجد کے ساتھ ساتھ الیکٹریشن کورس کرنے والے طالب علم کو سراہا اور شاباش دی۔ وزیراعلی نے ٹرانس جینڈر طلبہ سے بھی ملاقات کی۔ ٹرانس جینڈرز طلبہ نے کہا کہ ہمیں کوئی انسان نہیں سمجھتا تھا، آپ نے ہمیں عزت اور مقام دیا۔ اس موقع پر ایک طالبہ نے نظم پیش کی اورمریم نواز شریف نے طالبہ کی خواہش پر آٹو گراف بھی دیا۔ طالبہ نے وزیراعلی ٰسے کہا کہ جتنی آپ اچھی ہیں،آپ نے پنجاب کو بھی اتنا ہی خوبصورت بنا دیا۔ طلبہ نے وزیراعلی کو ہاتھ سے بنی شالیں پیش کیں۔

 

وزیراعلیٰ نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کے اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے خزانے کا ایک ایک پیسہ نوجوانوں پر لگانے چاہتے ہیں۔ٹیکنیکل اداروں میں طلبہ کو سکالر شپ ہی نہیں دیتے بلکہ ٹریننگ کے بعد روزگار کا بندوبست بھی کرتے ہیں۔ہم پنجاب کے کونے کونے میں طلبہ کو وسائل اور مواقع مہیا کرتے ہیں۔ جاب سیکٹر میں جاب نہ ملے تو ای کامرس اور آئی ٹی کے کورسز سے راستے کھل جاتے ہیں۔

 

مریم نوازنے کہا کہ میری خواہش ہے کہ ہمارے بچے کسی شعبے میں پیچھے نہ رہیں۔کوئی بچہ ایسا نہ ہوں جو ماں باپ پر بوجھ بنے بلکہ خاندان کے لئے کمانے والا ہو۔جو بچے بیرون ممالک جانے والے ہیں انہیں بھی مواقع فراہم کریں گے۔ بیرون ملک پاکستانی ہی مشکل اور محنت جاب کرتے ہیں۔آج کے دور میں سکل ہے تو جاب ہے، مارکیٹ تک رسائی کیلئے سب کچھ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ پنجاب میں 2 لاکھ سے زائد بچوں کیلئے بہتر مواقع کے دروازے کھل چکے ہیں۔ ہم نے گلف میں ٹیم بھیجی اور پاکستانی نوجوانوں کیلئے جاب مارکیٹ دریافت کی۔ باہر جانے والے نوجوانوں کے خواب پورے کرنے چاہتے ہیں۔ لینگویج، آئی ٹی کورسز، الیکٹریشن اور دیگر کورسز کرکے سب روزگار کمارہے ہیں۔ ہمارے پاس کنسٹرکشن سے متعلق لیب نہیں تھی، وہ بھی بنا دی گئی۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہناتھاکہ میں یہ نہیں سننا چاہتی کہ پاکستانی لیبر سستی ہے بلکہ یہ سننا چاہتی ہوں کہ پاکستانی لیبر ہنر مند ہے۔ پاکستان کی ورک فورس سب سے زیادہ سکلڈ ہے یہی ہمارا مقصد ہے۔ لوگ سکلڈ ٹریننگ لیکر گھروں میں جاب کرکے 500ڈالر تک کمارہے ہیں۔نوجوانوں کو ٹائل فکسنگ، ویلڈنگ اور وایئرنگ اور دیگر شعبوں میں ٹریننگ د ی۔ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنر مند نوجوانوں کو ایجنٹ مافیا سے آزاد کررہے ہیں۔غیر ہنر مند لیبر کو مزدوری اور مشقت کرکے قیمت چکانا پڑتی ہے۔ ٹرانس جینڈر کا قصور مختلف پیدا ہونا نہیں، مظلوم ہیں، ٹرانس جینڈر روز گار کمائے حکومت آپ کے ساتھ ہے۔

 

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا بھر میں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے چاہتے ہیں۔پوری دنیا ہمارے نوجوانوں کو اثاثے سمجھے، برین ڈرین سے برین گین تک جانا چاہتے ہیں۔ پرواز کارڈ کے ذریعے بیرون ملک جانے والے ہر ہنر مند نوجوان کی تین لاکھ تک معاونت کریں گے۔ پاکستان کے لئے ہنرمند نوجوان بہترین ایکسپورٹ ہیں۔سکل انفارمیشن سسٹم کے ذریعے سب کو ایک ڈیش بورڈ سے منسلک کر دیا۔ کسی انسٹی ٹیوٹ میں کیا پڑھایا جارہا ہے اور کیسے نوجوان ٹریننگ کرکے نکل رہے ہیں،مکمل مانیٹرنگ کریں گے۔ حکومت نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ کر ساتھ دے گی تاکہ انہیں مشکل نہ ہو۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ مستقبل آرٹی فیشل انٹیلی جنس ہے، اسی لیے سکولوں میں اے آئی لازمی کر دی۔ پہلی مرتبہ وزیراعلی نے وزرا کے ساتھ اے آئی ٹریننگ سیشن اٹنیڈ کیا۔ اے آئی کے نئے دور میں ہر فیصلہ نالج بیسڈ ہونا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔