گورنر سندھ نے سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو عدالتی کمیشن بنانے درخواست کی ہے، جس کے لیے باقاعدہ خط ارسال کر دیاگیا۔
خط میں کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ میں آپ سے مؤدبانہ درخواست کرتا ہوں کہ سندھ ہائی کورٹ کی زیرنگرانی ایک جوڈیشل انکوائری کمیشن تشکیل دینے پرغور کریں تاکہ گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے کی مکمل تحقیقات ہوں اور بنیادی وجہ، غلفت سے متعلق حقائق یا قانون کی خلاف ورزی کی وجہ کا سراغ لگایا جائے جس کے باعث یہ بدقسمت واقعہ پیش آیا۔
گورنر سندھ نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ عدلیہ کی سربراہی میں انکوائری سے عوامی اعتماد بحال کرنے اور قانون کے مطابق انصاف کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
کامران خان ٹیسوری نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت کو خط کے ذریعے سانحہ گل پلازہ کی شفاف اورغیرجانب دار جوڈیشل انکوائری کمیشن کے قیام کی سفارش کی ہے۔
کامران خان ٹیسوری نے چیف جسٹس کو خط میں لکھا کہ 17 جنوری 2026 کو گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے میں قیمی انسانی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا اور اس پر عوام میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ واقعے کی سنجیدگی اورعوامی تشویش کے پیش نظر شفاف، آزادانہ اور معتبر انکوائری کی اشد ضرورت ہے تاکہ وجوہات، ممکنہ انتظامی غفلت اور کسی قسم کی انفرادی یا ادارہ جاتی ذمہ داری کا تعین ہو۔
گورنرسندھ نے کہا ہے کہ اس طرح کی انکوائری سے نہ صرف احتساب کے تعین میں مدد ملے گی اور وسیع پیمانے پر عوامی مفاد میں مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچنے میں بھی مدد ملے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos