راولپنڈی: بانی پاکستان تحریکِ انصاف سے آج دوپہر 2 بجے اڈیالہ جیل میں ملاقات متوقع ہے۔ پی ٹی آئی نے ملاقات کے لیے 6 رکنی فہرست جیل حکام کو جمع کرا دی ہے۔
ملاقات کے پیش نظر اڈیالہ جیل اور گردونواح میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جیل کے داخلی راستوں پر پولیس نفری تعینات کی گئی ہے اور فیکٹری ناکے، دہگل اور گورکھپور میں بھی پکٹس قائم کیے گئے ہیں۔ ایس پی اور اے ایس پی صدر مجموعی سکیورٹی کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 642 اہلکار جیل کے اطراف اور مختلف پکٹس پر ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، ہر پکٹ پر 50 سے 60 اہلکار موجود ہیں، اور لیڈی پولیس بھی تعینات ہے۔ ایس پی راول ساعد ارشد کی سربراہی میں مزید پولیس ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔
راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پر بھی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے، جن میں کمیٹی چوک، لیاقت باغ، ایم ون، ایم ٹو ٹول پلازہ، جی پی او چوک، فلیش مین ہوٹل، چونگی نمبر 22، خواجہ کارپوریشن، گلشن آباد چوک، ٹھالیان اور چکری انٹرچینج شامل ہیں۔ ہر خصوصی پکٹ پر 10 سے 15 اہلکار ممکنہ ریلی اور امن و امان کی نگرانی کریں گے۔
—
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos