کراچی (رپورٹ : سید نبیل اختر ) گل پلازہ کی آگ بجھانے کیلئے سوا گھنٹے کی تاخیر سے واٹر باؤزر منگوانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ 11 بج کر 31 منٹ پر چیف فائر افسر ہمایوں خان کی جانب سے فائر بریگیڈ اور واٹر کارپوریشن افسران پر مشتمل واٹس ایپ گروپ پر پیغام موصول ہوا کہ گل پلازہ کی آگ بے قابو ہے ، فوری واٹر ٹینکر بھیجے جائیں ۔ ڈیفنس میں شہریوں کی شکایت پر پانی سپلائی کیلئے جانے والے تین ہزار گیلن کے دو ٹینکروں کو گل پلازہ بھیجا گیا ۔ بارہ بج کر آٹھ منٹ پر پہلے دو واٹر باؤزر گل پلازہ پر موجود تھے ۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے رپورٹ میں لکھی گئی ٹائمنگ میچ ہوگئی ۔ جائے حادثہ پر پہنچنے والے ٹینکروں کے آگے فائر بریگیڈ کی فوم والی گاڑی موجود تھی جس کا ڈیزل ختم ہوگیا تھا ،اور اسے اسٹارٹ کرنے کے بجائے دھکا دےکر ہٹایا گیا ۔واٹر کارپوریشن حکام نے رپورٹ تیار کرکے کمشنر کراچی کو جمع کرادی ۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے کمشنر کراچی کو جو رپورٹ جمع کرائی گئی ہے اس میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ لگنے کے سوا گھنٹے بعد چیف فائر افسر ہمایوں خان نے واٹر کارپوریشن اور فائر بریگیڈ افسران پر مشتمل واٹس ایپ گروپ پر وائس پیغام بھیجا ۔ آگ بے قابو ہوچکی ہے ، فوری طور پر واٹر باؤزر بھیجا جائے ۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ گروپ میں فائر بریگیڈ کے ایک افسر کی جانب سے پہلے 11 بج کر 06 منٹ پر گل پلازہ میں آگ کی اطلاع موصول ہوئی تھی ۔ جس پر پانچ منٹ کے اندر نیپا اور صفورا ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیپا ہائیڈرنٹس سے گل پلازہ کی مسافت 14 اور صفورا ہائیڈرنٹس سے گل پلازہ 21کلو میٹر کے فاصلے پر ہے ۔ چیف فائر افسر کا میسج موصول ہوتے ہی اندازہ ہوا کہ آگ کی شدت زیادہ ہے اور نیپا -صفورا ہائیڈرنٹ سے جانے والے ٹینکر جائے حادثہ پر پہنچنے میں مزید وقت لیں گے ۔لہذا نیپا ہائیڈرنٹس سے ڈیفنس میں شہریوں کی کمپلین پر جانے والے دو تین ہزار گیلن واٹر ٹینکرز کو رابطہ کیا گیا۔ جو نصف راستہ پار کرچکے تھے ۔ مذکورہ دونوں ٹینکروں کو کمپلین منسوخ کرکے گل پلازہ کی طرف جانے کی ہدایت کی گئی جو بارہ بج کر آٹھ منٹ پر گل پلازہ پہنچے ۔ جائے حادثہ پر موجود سرکاری ادارے کے ایک افسر نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے باؤزر پہنچنے تک فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کا پانی ختم ہوگیا تھا اور ٹینکروں سے آگے فائر بریگیڈ کی فوم والی گاڑی ڈیزل ختم ہوجانے کے سبب کھڑی تھی ۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں میں ری فلنگ کیلئے فوم ٹینڈر کو دھکہ دے کر ہٹایا گیا ۔ گل پلازہ سگنل پر تماش بینوں کی درجنوں موٹر سائیکلیں روڈ کے دونوں اطراف پارک ہونے کی وجہ سے ٹینکر کو پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں ۔ پانچ اور سات منٹ کے فرق سے مزید واٹر باؤزر پہنچنا شروع ہوئے ۔ ایک گھنٹے کے دوران دس سے زائد باؤزر جائے حادثہ پر موجود تھے ۔ آپریشن میں 19 لاکھ گیلن سے زائد پانی استعمال ہوا ۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos