کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ہدایت کی ہے کہ یونین کونسل سطح پر ٹیمز تشکیل دی جائیں جو اپنے علاقے کی مکمل سویپنگ کر کے 24گھنٹوں میں تفصیلی رپورٹ جمع کرائیں۔ اس رپورٹ کی روشنی میں ٹاسکنگ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہاں پر کسی بھی جگہ پر مین ہول ان کور نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں پرفارمنس مانیٹرنگ انڈیکیٹرز کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے احمد حسن رانجھا، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، ڈائریکٹر ہیلتھ، چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن راولپنڈی (MCR) و دیگر متعلقہ افسران کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز مری، اٹک، چکوال اور جہلم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
کمشنرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب پرفارمنس مانیٹرنگ انڈیکیٹرز میں مین ہول کورز و صفائی نمایاں طور پر موجود ہے کیونکہ اس کا واسطہ براہ راست عوام سے ہے، اس لیے اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس کے علاوہ عوامی تحفظ کے پیش نظر لوگ اپنے اطراف و علاقے اگر کہیں میں ہول کھلا یا ٹوٹا ہوا پائیں تو فوری طور پر اس کی اطلاع متعلقہ انتظامی آفس میں دیں۔
کمشنرکامزید کہناہے کہ مین ہول کورز اور صفائی کے سلسلے میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔پراجیکٹ سائٹس پر بھی عوام کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام تر سیفٹی اقدامات کیے جائیں۔ سائٹس پر موجود مشینیری یا آن سائٹ ورک عام گزرنے والوں کے لئے کسی حادثے کا باعث بن سکتا ہے اس لئے اسے مکمل کور اور انتباہی بورڈز نمایاں طور پر نصب کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنرز سے کہاگیاہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں صفائی و انتظامی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ عوامی مفاد کے لئے اقدامات کی مکمل ایس او پیز (SOPs) جاری کیے جائیں جس میں ہر ایک کی ذمہ داری کا تعین کیا جائے تاکہ غفلت برتنے والے کا احتساب ہو سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos