اسلام آباد:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دے دیا، رہنماؤں نے نعرے بازی شروع کر دی۔
تحریک انصاف کی قیادت چیف جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کے لیے سپریم کورٹ پہنچی، سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی جو 10 منٹ جاری رہی۔سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ کی رجسٹرار سے ملاقات کے بعد اٹارنی جنرل سے ملاقات ہوئی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوئی ہے جو کہ تیس منٹ سے زائد تک جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس کو پی ٹی آئی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔
کچھ دیر بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی بھی سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔ شفیع جان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے ملاقات کرنے کے لیے آئے ہیں، آئینی عدالت جانا پڑا تو وہاں بھی جائیں گے۔
سپریم کورٹ کے اندر اور باہر سیکیورٹی اہل کاروں کی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ سیکیورٹی کے مدنظر مزید قیدی وین سپریم کورٹ کے باہر پہنچا دی گئیں۔
دھرنے میں سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس بھی پہنچ گئے، پی ٹی آئی کارکنوں نے سپریم کورٹ کے باہر نعرے بازی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج کو اڈیالہ بھیجنے سے انکار کردیا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے نجی اسپتال کے دو ڈاکٹرز کا نام دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ نجی اسپتال کے دو ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی کے چیک اپ کے لیے بھیجا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت دو پرائیویٹ ڈاکٹرز کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos