تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا مبینہ آڈیو میسج لیک ہوگیا شیخ وقاص نے مبینہ آڈیو پیغام میں گزشتہ روز کے اڈیالہ دھرنے میں ممبران پارلیمنٹ کی عدم شرکت کا ملبہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر ڈال دیا ہے۔پیغام میں کہا گیا کہ سہیل آفریدی نے اڈیالہ جاتے ہی کہا کہ ورکرز نہیں بلکہ ممبران قومی اور صوبائی اسمبلی کو کال دی ہے، وزیراعلیٰ کا ویڈیو کلپ موجود ہے ۔مبینہ آڈیو پیغام میں کہا گیا کہ منگل کے روز پنجاب سے ارکان اسمبلی آئے اور پھر واپس اپنے حلقوں میں چلے گئے، سہیل آفریدی نے خیبر پختونخوا ہاؤس میں ایک رات قبل میٹنگ کی۔
مبینہ آڈیو میسج میں مزید کہا گیا کہ آپ رات میٹنگ میں ہی بتادیتے کہ اڈیالہ دھرنا دینا ہے، کسی ممبر اسمبلی کے پاس ہیلی کاپٹر یا جہاز نہیں کہ وہ فوری پہنچ جائے، جو ارکان قریب تھے وہ پہنچ گئے۔آڈیو پیغام میں مزید کہا گیا کہ آج سپریم کورٹ کے باہر رش تھا، زیادہ ارکان پہنچ گئے تھے، اس میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا قصور نہیں جنہوں نے پلان بنایا ان کا قصور ہے۔
شیخ وقاص کے آڈیو پیغام میں یہ بھی کہا گیا کہ بندہ 10 گھنٹے کے سفر پر ہے، آپ رات کو کہتے ہیں فوری پہنچو، کسی کے پاس جہاز نہیں ، ایسا بالکل نہیں ہوتا۔انہوں نے مبینہ آڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعلیٰ نےدھرنا دینا ہی تھا تو اپنے 90 ممبران صوبائی اسمبلی تو ساتھ لاتے، وزیراعلیٰ کے صوبے کے ممبران اسمبلی قریب تھے وہ پہنچ سکتے تھے۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ رات جب کے پی ہاؤس میں میٹنگ ہوئی اس میں اسد قیصر، جنید اکبر بھی موجود تھے، آپ کو رات اطلاع دینی چاہیے تھی کہ دھرنا دیں گے، یہ کیا مذاق بنا رکھا ہے؟
چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نےآڈیو لیک پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ شیخ وقاص اکرم کی آڈیو لیک کو غلط انداز دیا گیا ہے۔اسلام آباد میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اپوزیشن رہنمائوں کی موجودگی میں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی کی صحت ، پارٹی امور اور تحریک سے متعلق باتیں اندرونی ہوتی ہیں ، ایسی چیزوں کو تصدیق کے بغیر آگے نہیں پھیلانا چاہیے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos