کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے موبائل پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
پولیس کے مطابق حملے کے دوران گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی، لیکن فائر سروس کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ ڈائریکٹر فائر سروسز عبدالحق اچکزئی نے بتایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور بڑے نقصان سے بچا لیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے امن و امان قائم رکھنے کے لیے اضافی نفری بھی تعینات کر دی ہے۔
اس حملے کے بعد کوئٹہ سے اندرون ملک اور صوبے کے دیگر شہروں جانے والی تمام ٹرینیں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس، کراچی جانے والی بولان میل اور کوئٹہ سے چمن جانے والی چمن پاسنجر ٹرینیں معطل ہیں۔ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد پر روک دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ مسافروں کے ٹکٹ واپس کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ 29 جنوری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ہرنائی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 30 اور پنجگور میں 11 دہشت گرد ہلاک کیے تھے۔ اسی طرح گزشتہ شب سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos