لاہور: سانحہ بھاٹی گیٹ کیس میں پروجیکٹ منیجر، سیفٹی انچارج اور سائٹ انچارج سمیت گرفتار 5 ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ عدالت نے منظور کر لیا۔ ملزمان کو ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ لاہور پولیس نے 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست دی تھی۔
سینئر سول جج شفقت عباس مگینانہ نے ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے مقتولہ کے اہل خانہ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے ریمانڈ کی مخالفت کی، اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اور انسانی ہمدردی کے طور پر متاثرہ خاندان کو ایک کروڑ روپے ہرجانہ دیا گیا ہے۔ پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف ٹھوس شواہد جمع کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔
واضح رہے کہ لاہور داتا دربار کے قریب ماں بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے بعد مقدمہ تھانہ بھائی گیٹ میں درج کیا گیا۔ تین ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ مدعی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر پر غفلت کا الزام لگایا ہے۔
حادثے کے بعد حکومتی مشینری حرکت میں آئی، 47 افسران کو برخاست کیا گیا اور گٹر کور کے ساتھ ترقیاتی کاموں کے گرد لوہے کی باؤنڈری شیٹ لگا دی گئی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos