جنوبی ایشیا کا پہلا اورجدید ترین پنجاب سائنس انکلیو قائم کردیاگیا،ایگریکلچر، ڈرگ اور فوڈ ٹیسٹنگ کی ہائی ٹیک لیب ایک ہی چھت تلے ہوگی-وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کاباقاعدہ افتتاح کیا-پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) اور لیبارٹری آپریشنز کی لانچنگ کردی گئی- وزیراعظم محمد شہبازشریف اوروزیراعلی مریم نوازشریف نے خواتین سائنسدانوں کے ہاسٹل کی تعمیر کے پراجیکٹ کا سنگ بنیادبھی رکھا-افتتاحی تقریب میں 20ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی-اس موقع پروزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خطاب میں وزیراعلی مریم نوازشریف کو فل مارکس دیئے اورعلامتی سلوٹ پیش کیا-وزیراعظم اوروزیراعلیٰ نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے مختلف شعبوں کا دورہ کرکے ادارے کے افعال کار کا مشاہدہ کیا- ٹیسٹنگ لیبز میں جدید ترین آلات کا معائنہ کیاگیا-وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلی مریم نوازنے لیبارٹریز میں سیمپلنگ کے طریقہ کار کا بھی مشاہدہ کیا-
افتتاحی تقریب میں پراجیکٹ کے بارے میں مکمل بریفنگ دی گئی،جس میں بتایا گیاکہ پی اے ایف ڈی اے میں 232سائنسدان ہیں،بیشتر گولڈمیڈلسٹ اور70فیصد خواتین ہیں۔ لیب میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں کے سائنٹسٹ بھی کام کررہے ہیں۔پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی بدولت خوراک، زراعت اور ادویات کے معیار کو یقینی بنانا ممکن اور اشیا کے معیار کے تعین کیلئے غیر ملکی لیبارٹریز پر انحصار ختم ہوگا۔پی اے ایف ڈی اے غیر ملکی صارفین میں میڈ ان پاکستان کا اعتماد بحال کرے گی۔ بریفنگ کے دوران مزیدبتایا گیاکہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی میں انگلینڈ اور ترکیہ کی مدد سے ڈرگ ٹیسٹنگ کی ہائی ٹیک لیب قائم کی گئی ہے۔ 4.4ارب روپے سے 42ہائی ٹیک مشینیں لائی گئیں۔ مزید 565ہائی ٹیک مشینیں جلد مہیا کر دی جائیں گی۔ محفوظ پنجاب کے تصور کو حقیقی شکل دینے کے لئے38اضلاع میں سٹیلائٹ کرائم سین یونٹ قائم کیے جارہے ہیں۔کاسمیٹکس کے معیار کا تعین بھی کیا جا سکے گا۔ نیو ٹرنٹ پروفائلنگ، مائیکرو بیالوجی سیفٹی اور استعمال کردہ اجزا کی تصدیق ممکن ہوگی۔ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی میں 2ارب روپے سے صوبے کا پہلا ویمن سائنٹسٹ ہاسٹل بنایا جائے گا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی محض سٹیل اورسیمنٹ کی بنی عمارت نہیں بلکہ گیم چینجرہے۔اس اتھارٹی کا خواب شہبازشریف نے بطوروزیراعلیٰ دیکھا تھا، آج تعبیر دیکھ رہے ہیں۔ شہبازشریف نے اس کے بارے میں سوچااوربنانے کی کاوش کی۔پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان مستفید ہوگا۔ وزیراعلی ٰ نے کہاکہ جدید ترین لیب کا مقصد انصاف اورمعیار ہر دہلیز تک پہنچانا ہے۔جب شہبازشریف کی وراثت کا کہا جاتا ہے تو میرے لئے میڈل ہے۔محنت اورمیرٹ کا سبق شہبازشریف سے سیکھا۔محفوظ پنجاب کے تصور کو حقیقی شکل دینے کے لئے38اضلاع میں سٹیلائٹ کرائم سین یونٹ قائم کیے جارہے ہیں۔ پی اے ایف ڈی اے میں کاسمیٹک،آرتھوپیڈک امپلانٹ ٹیسٹنگ، زمین کی زرخیزی اوردیگرامور کی ٹیسٹنگ ممکن ہوگی۔ کھاد،فوڈ،ڈرگ حتی کہ اینیمل فیڈ کی ٹیسٹنگ بھی پی اے ایف ڈی اے میں ممکن ہوگی۔
مریم نوازشریف نے مزید کہاکہ اس ادارے کے 232سائنسدانوں میں 100سے زائد گولڈ میڈلسٹ اور28پی ایچ ڈی ہیں۔ سائنسدانوں میں 70فیصد خواتین ہیں۔پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کیلئے امریکن،سوئس اور نیوزی لینڈسے معا ونت اور اشتراک کار حاصل ہیں۔وزیراعلی ٰ نے کہاکہ ہم ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں لیکن معیارپر پورا نہ اترنے پر کنسائمنٹ واپس ہوجاتی ہے۔پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی عالمی اورقومی سطح پر معیار کا تعین کرے گی اورایکسپورٹ کے لئے بہترین مال بھیجا جاسکے گا۔اس کے قیام سے نہ صرف ایکسپورٹ بلکہ مقامی صارفین کو بھی معیاری اشیا ملیں گی۔وزیراعلی ٰ کا کہناتھا کہ آٹا،چاول یا ادویات جو ایکسپورٹ کیلئے موزوں نہیں انہیں یہاں بھی استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ 300خواتین کیلئے پہلا سائنٹسٹ ویمن ہوسٹل بنائیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos