پنجاب میں 2026 کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل اور بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے طلبا کی ڈیجیٹل بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔
لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں منعقدہ اجلاس میں صوبے کے تمام 9 تعلیمی بورڈز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طلبا کی شناخت امتحانی ہال میں داخلے سے قبل ڈیجیٹل بائیومیٹرک کے ذریعے کی جائے گی۔
پریکٹیکل امتحانات کے نظام میں بھی اصلاحات متعارف کروائی جائیں گی، جن میں معیاری گریڈنگ سسٹم، لیبارٹریز میں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل مارکنگ سسٹم شامل ہیں تاکہ انسانی غلطیوں اور بدعنوانی کے امکانات کم کیے جا سکیں۔
اس کے علاوہ امتحانی عملے اور نگرانوں کو زیادہ معاوضہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ دیانتداری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ٹاسک فورس کمیٹی کے چیئرمین مزمل محمود نے سخت انتباہ کیا کہ اگر کوئی نتائج پر اثر انداز ہونے یا رشوت کے ذریعے مداخلت کرے گا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق یہ اصلاحات تعلیمی نظام میں عوام اور طلبا کے اعتماد کی بحالی، امتحانات کو منصفانہ اور شفاف بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos