بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے 22 دہشت گرد ہلاک،کوئٹہ میں سکیورٹی ہائی الرٹ

 

کوئٹہ: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 22 دہشت گرد مارے، تین دن کے آپریشنز میں مجموعی طور پر 177 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز بشمول انٹیلی جنس ایجنسیز اور پولیس مختلف علاقوں میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف گھیرا تنگ کر رہی ہیں۔ مزید نقصانات اور ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

کوئٹہ شہر میں دہشت گرد حملوں کے بعد سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور ریڈ زون کے راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے ریڈ زون جانے والے راستوں میں کنٹینرز اور ٹرک کھڑے کر دیے ہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں میں پولیس اور سکیورٹی اہلکار گشت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ بلوچستان بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

دوسری جانب، کوئٹہ سمیت صوبے کے کئی علاقوں میں موبائل فون انٹرنیٹ سروس تیسرے روز بھی معطل ہے، جس سے شہریوں اور صحافیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بلوچستان میں ریلوے سروسز بھی متاثر ہیں اور جعفر ایکسپریس، بولان میل اور چمن پسنجر ریل سروس تیسرے روز بھی معطل ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کا مقصد عوام کی حفاظت اور دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔