عالمی بینک کے سکھ صدر اپنے دل کا سکون ڈھونڈنے پاکستان پہنچ گئے

عالمی بینک گروپ کے صدر اجے بنگا اپنے چار روزہ سرکاری دورہ پاکستان کے دوران جہاں معاشی اصلاحات پر بات چیت کر رہے ہیں وہی مذہبی اور تاریخی مقامات کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔

 

اجے بنگا نے گذشتہ روز اپنی اہلیہ انیتا بنگا اور خاندان کے ہمراہ حسن ابدال میں سکھوں کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک، گوردوارہ پنجہ صاحب کا دورہ کیا۔ یہ مقام سکھ مت کے بانی بابا گرو نانک دیو جی سے منسوب ہے اور دنیا بھر کے سکھوں کے لیے انتہائی عقیدت کا مرکز ہے۔

 

صدر عالمی بینک نے وہاں حاضری دی، مذہبی رسومات ادا کیں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے گوردوارے کے تاریخی ورثے اور وہاں کی انتظامیہ کے حسنِ انتظام کو سراہا۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا بھی موجود تھے۔

 

اجے بنگا کے اس دورے کا سب سے اہم اور جذباتی پہلو آج 3 فروری کو ان کے آبائی شہر خوشاب کا دورہ ہے۔ تقسیمِ ہند سے قبل ان کے والدین کا تعلق اسی مٹی سے تھا، اور وہ دہائیوں بعد اپنے آباؤ اجداد کی یادوں کو تازہ کرنے کے لیے وہاں پہنچ رہے ہیں۔

 

خوشاب کی ضلعی انتظامیہ اور مقامی آبادی نے عالمی بینک کے سربراہ کے استقبال کے لیے خصوصی تیاریاں کر رکھی ہیں۔ توقع ہے کہ وہ اپنے خاندانی پس منظر سے جڑے قدیم مقامات کا دورہ کریں گے اور اپنے بزرگوں کی جڑوں کو تلاش کریں گے۔

 

اجے بنگا کا یہ دورہ صرف ذاتی نوعیت کا نہیں ہے، بلکہ اس کے بڑے معاشی اثرات بھی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے معاشی مستقبل اور عالمی بینک کے ساتھ آئندہ 10 سالہ شراکت داری کے فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔