میرپور،وزیر اعظم پاکستان کے مشیر رانا ثناء اللہ کی قیادت میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر ان کی قبر پر حاضری دی پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستہ نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کی بعد ازاں صدر ریاست کی رہائش گاہ سلطان ہاؤس چیچیاں میں آکر ان کے صاحبزادگان وزیر حکومت چوہدری یاسر سلطان، چوہدری سعود سلطان اور وزیر توانائی چوہدری ارشد حسین سے اظہار تعزیت کیا اور صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزاد خطہ کی سیاست، تعمیر وترقی،مسئلہ کشمیر کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے پر ان کی سیاسی و سفارتی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ان کی رحلت سے کشمیری ایک بہت بڑے سیاستدان سے محروم ہوگئے ہیں، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اعلیٰ روایات کے مالک لیڈر تھے جنھوں نے ساری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لئے وقف کی ہوئی تھی۔ان کی شاندار اور پروقار خدمات کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزراء حکومت چوہدری محمد سعید، چوہدری رخسار احمد، میئر میونسپل کارپوریشن چوہدری عثمان علی خالد،ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے افسران اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
وزیر اعظم پاکستان کے مشیر رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری تحریک آزادی کشمیر،الحاق پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاست میں متحرک اور بھرپور کردار ادا کیا۔بحیثیت صدر،وزیر اعظم،قائد حزب اختلاف انہوں نے خطہ کے لوگوں کی بھرپور خدمت کی ہے۔ان کی پاکستان سے کمنٹمنٹ بھرپور تھی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا ء اللہ کی قیادت میں وفاقی وزراء صدر ریاست کی تعزیت کے لیے یہاں آئے ہیں۔صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال کا دلی دکھ ہے۔ان کی وفات نہ صرف آزاد کشمیر بلکہ پورے پاکستان کا نقصان ہے۔ان کی لیڈر شپ کے دوران پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان مضبوط روابط پروان چڑھے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔وہ ایک عظیم لیڈر تھے۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی شخصیت کا آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک تاریخی اور عہد ساز کر دار ادا رہا ہے۔ان کی پوری زندگی تحریک آزادی کشمیر کے لیے عبارت ہے۔ان کی کشمیر کاز کے لیے جدوجہد اور کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رحلت پر ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos