بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن رد الفتنہ ون کامیابی سے مکمل ہو گیا، جس کے دوران 216 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں انٹیلی جنس بنیادوں پر مربوط اور مؤثر انداز میں کی گئیں، جن میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کو نشانہ بنایا گیا جو شہریوں، خواتین اور بچوں کو دہشت زدہ کر کے امن اور ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 29 جنوری 2026 کو پنجگور اور ہرنائی کے نواح میں مصدقہ خفیہ اطلاعات پر کارروائیاں شروع کی گئیں، جن میں فورسز نے بھارتی پراکسی نیٹ ورک سے وابستہ 41 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ بعد ازاں متعدد علاقوں میں کومبنگ اور کلیئرنس آپریشنز کے ذریعے دہشت گرد سلیپر سیلز کو ختم کیا گیا۔ مجموعی طور پر آپریشن کے دوران 216 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن نے دہشت گرد نیٹ ورکس کی قیادت، کمانڈ اینڈ کنٹرول اور آپریشنل صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا۔ کارروائیوں کے دوران غیر ملکی ساختہ اسلحہ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر سازوسامان بھی ضبط کیا گیا۔
آپریشن کے دوران 36 معصوم شہری، جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں، شہید ہوئے جبکہ 22 جوانوں نے وطن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آئی ایس پی آر نے قوم سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی رہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے آپریشنز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور آپریشن رد الفتنہ ون بلوچستان اور پاکستان کے عوام کے امن، اتحاد اور ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos