9 مئی کے کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے مبینہ کردار سے متعلق تنازع مزید بڑھ گیا ہے۔ ایک اخباری رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ پولیس سہیل آفریدی سے پوچھ گچھ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق پنجاب فرانزک لیبارٹری سے موصول رپورٹ کے مطابق شواہد کا تعلق سہیل آفریدی سے جوڑا گیا ہے، جبکہ نادرا کی تازہ رپورٹ میں بھی ان سے متعلق مواد کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عدالت نے مکمل رپورٹس 14 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔
انگریزی اخبار کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اگر عدالت ہدایت دے تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے باقاعدہ تفتیش بھی کی جائے گی۔ اسی دوران سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی زیر بحث ہے کہ آیا سہیل آفریدی سے متعلق شواہد خیبر پختونخوا پولیس نے خود پنجاب فرانزک لیب بھجوائے یا یہ عمل عدالتی حکم کے تحت ہوا۔
اس حوالے سے سہیل آفریدی نے اخبار کو بتایا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے کوئی مواد خود نہیں بھیجا۔ ان کے مطابق عدالت نے ایک سیل بند لفافہ، جس میں یو ایس بی موجود تھی، تفتیشی افسر کے حوالے کیا اور اسے فرانزک لیب بھجوانے کا حکم دیا۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ نہ وکیل کو بتایا گیا کہ یو ایس بی میں کیا ہے اور نہ ہی تفتیشی افسر اس مواد سے آگاہ تھا۔ وکیل نے مواد دکھانے پر اعتراض بھی کیا، تاہم معزز جج نے اجازت نہیں دی۔ ان کے بقول یہ مواد ناانصافی کے تحت بھجوایا گیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ عدالت نے فرانزک ماہرین سے یہ رائے مانگی تھی کہ ویڈیو میں موجود شخص سہیل آفریدی ہے یا نہیں، جس پر ماہرین نے تصدیق کی کہ ویڈیو میں وہی موجود ہیں۔ تاہم ان کے مطابق اصل سوال یہ ہے کہ آیا سہیل آفریدی کا 9 مئی کے واقعات سے کوئی تعلق بنتا ہے یا نہیں۔
تاحال پولیس نے اس معاملے میں سہیل آفریدی سے کوئی تفتیش نہیں کی۔ پشاور کے سی سی پی او میاں سعید نے انگریزی اخبار کو بتایا کہ پولیس تفتیش مکمل کر کے چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کرا چکی ہے۔ ان کے مطابق مخالف وکیل نے عدالت میں کچھ شواہد پیش کیے، جس پر عدالتی حکم سے یو ایس بی پولیس کے حوالے کی گئی، بعد ازاں عدالت نے اسے پنجاب فرانزک لیب اور نادرا بھجوانے کی ہدایت کی۔
سی سی پی او کے مطابق فرانزک اور نادرا کی رپورٹس عدالت میں جمع ہو چکی ہیں اور دونوں کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اب آئندہ کارروائی عدالت کے اگلے حکم کے مطابق کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عدالت نے حکم دیا تو وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بھی تفتیش کی جائے گی، جبکہ یہ بھی طے ہونا باقی ہے کہ ویڈیو اور تصاویر کا پشاور میں 9 مئی کے واقعے سے کوئی براہ راست تعلق بنتا ہے یا نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos