کوئٹہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایف سی ہیڈ کوارٹرز بلوچستان کا دورہ کیا اور صوبے میں امن و امان کے تحفظ کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت ایف سی بلوچستان کی معاونت کے لیے 10 ارب روپے فراہم کرے گی۔
مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ بلوچستان تنہا نہیں، پورا پاکستان شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم بحیثیت قوم متحد رہیں اور سیسہ پلائی دیوار کی طرح مضبوطی دکھائیں تو دشمن ہمارے کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایف سی کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ مشکلات کے باوجود فرنٹ لائن پر کام کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ سیاہ کو سیاہ اور سفید کو سفید کہا جائے، کوئی گرے ایریا سیاسی قیادت یا عوام کے ذہن میں نہیں ہونا چاہیے۔ جو بھی پاکستان کو کمزور کرتا ہے، چاہے وہ اندر ہو یا باہر، وہ پاکستان کا دوست نہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ ہمیں ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے اور اس کے مقابلے کے لیے مضبوطی سے قدم اٹھانے ہوں گے۔ بلوچستان کا امن و استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے اور دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی رہنماؤں نے دہشت گردوں کے لیے دروازے کھولے، یہ اپنے ملک اور ریاست کے خلاف ہیں، اور انتہا پسندی کو شکست دینا ہر پاکستانی کا فرض ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے اور بات چیت کے لیے ہتھیار اٹھانے یا قوم کو تقسیم کرنے کی ضرورت نہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos