کراچی،رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی،مبینہ دہشتگرد گرفتار

February 16, 2026 · اہم خبریں

سندھ رینجرزاور سی ٹی ڈی پولیس نے کورنگی چکرا گوٹھ میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 3 انتہائی مطلوب سہولت کار دہشتگرد گرفتار کرلیے۔

ترجمان کے مطابق سندھ رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کورنگی کے علاقے چکرا گوٹھ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران یاسر عرفات، خدابخش اور زاہد حسین عرف بارکزئی کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے تقریباً پانچ کلو بارودی مواد، دس میٹر پرائما کارڈ، تین ڈیٹونیٹرز اور ایک کلو بال بیرنگ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ انتہا پسندی پر مبنی لٹریچر کے درجنوں بکس اور ایک لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افراد مبینہ طور پر تعلیمی اداروں کے طلبہ کو کالعدم تنظیم میں شامل کرنے کے لیے ذہن سازی اور مواد کی فراہمی میں ملوث تھے۔ مزید یہ کہ حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سے متعلق بھی تحقیقات جاری ہیں۔

ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ تفتیش کا عمل جاری ہے۔