بنگلہ دیش،جماعت اسلامی اتحاد نے 32 حلقوں کے نتائج چیلنج کر دیے

February 16, 2026 · بام دنیا

بنگلہ دیش میں حالیہ عام انتخابات کے بعد جماعت اسلامی کی قیادت والے اتحاد نے 32 حلقوں کے نتائج کو چیلنج کر دیا ہے۔ڈھاکا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی اتحاد نے الیکشن کمیشن میں باضابطہ شکایات جمع کرائیں، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کے امیدواروں کو غیر منصفانہ طور پر ہرایا گیا اور ووٹنگ کے اختتام پر جعلی ووٹ، رشوت، دھمکیاں اور تشدد کے واقعات پیش آئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 300 میں سے 299 حلقوں میں پولنگ ہوئی، جس میں بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیتیں، جبکہ جماعت اسلامی اتحاد کو 77 نشستیں حاصل ہوئیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان اگلے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں، اور نومنتخب ارکان پارلیمنٹ کی حلف برداری منگل کو متوقع ہے۔انتخابات کے دوران سیاسی جھڑپوں میں پانچ افراد ہلاک اور 600 سے زائد زخمی ہوئے، جبکہ نتائج کے بعد بھی بعض علاقوں میں توڑ پھوڑ اور جھڑپیں رپورٹ ہوئیں، جن میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے۔ انتخابات میں خواتین کے لیے مخصوص 50 نشستیں پارٹی ووٹ شیئر کے مطابق دی جائیں گی اور اقلیتی برادریوں کے چار امیدوار بھی کامیاب ہوئے، جن میں دو ہندو شامل ہیں۔